Best Wall Stickers

اُس کو مجرا جس کا نانا احمدِ مختار ہے - اعلیٰ حضرت بہادر شاہ ظفر

اُس کو مجرا جس کا نانا احمدِ مختار ہے​
جس کی ماں زہرا ہے، بابا حیدرِ کرار ہے​
ایک تو بھائی حسن سم سے جگر افگار ہے​
ایک بھائی اس کا عباسِ علم بردار ہے​
آپ کھینچے ہاتھ میں اسلام کی تلوار ہے​

قید ہو کر شام کو جس دم چلے زین العبا​
پاؤں میں بیڑی، گلے میں طوق، اس پر پیادہ پا​
تازیانے جب دکھاتے آن کر اہلِ جفا​
کہتے تھے کچھ رحم بھی اس پر کرو بہرِ خدا​
ایک تو مظلوم ہے اور دوسرے بیمار ہے​

گو کہ اہلِ ظلم دیتے شہ کو تھے رنج و تعب​
پر یہی ہنس ہنس کے فرماتے تھے شاہِ تشنہ لب​
کیا دکھاؤں اُن کو برقِ آتشِ قہر و غضب​
امتِ جد ہے، نہیں اک آن میں یہ سب کا سب​
لشکرِ اہلِ جفا ہوتا ابھی فی النار ہے​

بازوئے شہ کے ہوئے جب ہاتھ شانوں سے جدا​
دیر تک عباس کو رویا کیے وہ بادشا​
جا کے آخر نعش پر رو رو بصد آہ و بکا​
کہتے تھے سرور کہ اکبر ہے ضعیفی کا عصا​
پر نہ ہو جب ہاتھ ہی تن پر عصا بیکار ہے​

ہیں درِ دولت سے ہوتے بہرہ ور شاہ و گدا​
پھر بھلا اس در کے ہوتے کس سے کیجے التجا​
آپ سمجھیں یا نہ سمجھیں پر ظفر ہے آپ کا​
آئیے اب تو مدد کے واسطے بہرِ خدا​
یا حسین ابنِ علی بندہ بہت ناچار ہے​

(اعلیٰ حضرت بہادر شاہ ظفر)

اُس کو مجرا جس کا نانا احمدِ مختار ہے - اعلیٰ حضرت بہادر شاہ ظفر اُس کو مجرا جس کا نانا احمدِ مختار ہے - اعلیٰ حضرت بہادر شاہ ظفر Reviewed by WafaSoft on July 26, 2019 Rating: 5

No comments:

Comments

Powered by Blogger.