Best Wall Stickers

دیے جلانے کی اشکوں سے ابتدا کی ہے نقوشِ پائے محمد کی اقتدا کی ہے

دیے جلانے کی اشکوں سے ابتدا کی ہے
نقوشِ پائے محمد کی اقتدا کی ہے
مرے بھی گھر کی منڈیروں پہ کہکشاں اُترے
غبارِ شہرِ پیمبر سے التجا کی ہے
تمام عمر گزاری ہے اُن کی گلیوں میں
خدا کا شکر ہے، سرکار کی ثنا کی ہے
قلم کو چاند ستاروں کا پیرہن آقا
یہ التماس یقینا مری وفا کی ہے
اُفق اُفق پہ ستارے سے جھلملاتے ہیں
تمام روشنی اُن کے نقوشِ پا کی ہے
وہ کیا ہے؟ جس پہ حکومت نہیں مدینے کی
ہر ایک چیز زمانے میں مجتبیٰ کی ہے
ثنائے مرسلِ آخر کا ورد جاری ہے
شریک آج بھی رحمت مرے خدا کی ہے
مکینِ گنبدِ خضرا کا ہے کرم بے حد
قلم یہ رحمتِ یزداں بھی انتہا کی ہے
مسافروں کو ڈبو دو کسی بھی ساحل پر
رضا ہمارے سفینے کے ناخدا کی ہے

برہنہ سر کو چھپائے یہ کس جزیرے میں
یہ شام آپ کی اُمت کے انخلا کی ہے
اُٹھا رکھا ہے ہوا نے دیا غلامی کا
حضور، حاضری یہ آپ کے گدا کی ہے
ہوا ہے قصرِ رسالت کا بند دروازہ
حدیث سارے رسولوں کے پیشوا کی ہے
ہر ایک پیڑ پہ اُترے بہار کا موسم
حجازِ عشقِ پیمبر میں یہ دعا کی ہے
لباسِ عجز میں رہتی ہے اُن کی چوکھٹ پر
عجیب ایک کہانی مری انا کی ہے
ہر ایک لفظ سے ٹپکی ہیں خون کی بوندیں
یہ داستان شہیدانِ کربلا کی ہے
قدم قدم پہ اُجالے بکھرتے رہتے ہیں
جو دل کشی ہے پیمبر کی ہر ادا کی ہے
ریاضؔ، حشر میں ڈھونڈیں گے آپ کا خیمہ
یہ بات ربّ محمد کے انبیا کی ہے

ہوا کو کرکے مقفل تجوریوں میں ریاضؔ
امیرِ شہر نے توہینِ مصطفیٰ کی ہے
ریاض حسین چودھری (سیال کوٹ)
دیے جلانے کی اشکوں سے ابتدا کی ہے نقوشِ پائے محمد کی اقتدا کی ہے دیے جلانے کی اشکوں سے ابتدا کی ہے نقوشِ پائے محمد کی اقتدا کی ہے Reviewed by WafaSoft on September 29, 2019 Rating: 5

No comments:

Comments

Powered by Blogger.