Best Wall Stickers

سراقہ امن کی تحریر لے کر گھر پلٹ آیا

بریدہ اسلمی اور اس کے ساتھی


سراقہ امن کی تحریر لے کر گھر پلٹ آیا
اعادہ پھر سفر کا رحمت عالم نے فرمایا

ستارے ہم سفر تھے رات کو اور دن کو سورج تھا
منازل میں لقف تھا مدلجہ تھا اور مرحج تھا

حداید اور اذاخر اور رابغ راہ میں آئے
 مقامات جدا جد بھی اقامت گاہ میں آئے 168

ابھی یہ قافلہ دامانِ  منزل تک نہ تھا پہنچا
گرفتاری کی خاطر اور اک انبوہ آ پہنچا

یہ ستر آدمی تھے دشت ہی گھربار تھا ان کا
جواں ہمت بریدہ اسلمی سردار تھا ان کا

اسی انعام کا لالچ انہیں بھی کھینچ لایا تھا
یہ فتنہ راستے میں اہل مکہ نے اٹھایا تھا

مگر اسلام کی دولت لکھی تھی ان کی قسمت میں
 بریدہ آ گیا آتے ہی دامانِ  نبوت میں 169

شرف پایا جو اس نطقِ  خدا سے ہم کلامی کا
تہیہ کر لیا سب نے محمدؐ کی غلامی کا

بتوں کو چھوڑ کر دنیائے باطل سے جدا ہو کر
چلے یثرب کی جانب ہمرکاب مصطفیٰ ہو کر

 محبت میں بریدہ نے اتارا اپنا عمامہ170
اسے نیزے میں باندھا اور یہ جھنڈا اس طرح تھاما

کہ اسلامی پھریرا آج لہرایا فضاؤں میں
معاً اللہ اکبر کی صدا گونجی ہواؤں میں

یہ جھنڈا امن و راحت کی بشارت دیتا جاتا تھا
طلوع صبح وحدت کی شہادت دیتا جاتا تھا

کہ عدل و بذل کا مختار امن و صلح کا حامی
مجسم رحمت عالم محمد مصطفیؐ نامی

وہ ابر لطف جس سے ہر گل گلزار خنداں ہے
انیس بے کساں ہے درد مند درد منداں ہے

جہاں کو از سر نو نور سے معمور کرنے کو
دلوں سے کفر کا رنگ کدورت دور کرنے کو

وہ جس کا اک اشارہ روح مردہ کو جلاتا ہے
وہی تشریف لاتا ہے وہی تشریف لاتا ہے

سراقہ امن کی تحریر لے کر گھر پلٹ آیا سراقہ امن کی تحریر لے کر گھر پلٹ آیا Reviewed by WafaSoft on August 27, 2019 Rating: 5

No comments:

Comments

Powered by Blogger.